
لاہور (اسپورٹس ڈیسک)قو می کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دورہ نیوزی لینڈ کےلئے 35 رکنی قومی اسکواڈ
کااعلان کردیا ہے۔ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز دونوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔ قومی اسکواڈ 23 نومبر کو لنکن روانہ ہوگا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 18 دسمبر سے 7 جنوری تک جاری رہے گی۔ اس دوران پاکستان شاہینز کو 2 چار روزہ اور 4 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے ہیں۔ پاکستان شاہینز کےدورہ نیوزی لینڈ کی مکمل تفصیلات نیوزی لینڈ کرکٹ جلد جاری کردے گا۔
اسکواڈ میںبابراعظم (کپتان)،محمد رضوان (نائب کپتان ٹیسٹ کرکٹ)، شاداب خان (نائب کپتان ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل)، اظہر علی، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، محمد حفیظ، فواد عالم،عابد علی، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، ذیشان ملک، دانش عزیز، حیدر علی، حارث سہیل، حسین طلعت، عمران بٹ،افتخار احمد، خوشدل شاہ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، عماد وسیم، یاسر شاہ، عثمان قادر، ظفر گوہر، عماد بٹ، فہیم اشرف، حارث رو¿ف، محمد عباس، محمد حسنین، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور وہاب ریاض شامل ہیں ۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈکوچز، جونیئر کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد اورہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلمپنٹ ثقلین مشتاق سے مشاورت کے بعد اسکواڈ کو حتمی شکل دی۔
مصباح الحق نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، امید ہے کہ قومی کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ عماد بٹ، دانش عزیز، عمران بٹ اور روحیل نذیر جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو دورہ نیوزی لینڈ کےلئے اسکواڈ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ان کھلاڑیوں کی قابلیت اور تکنیکی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں۔














