
کراچی(اسپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کوالیفائر کے ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں
کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔نیشنل اسٹیدیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دیا تھا۔کراچی کنگز کے عماد وسیم نے اننگز کی آخری گیند پر چوکا لگا کر اسکور برابر کیا تو میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔
قبل ازیں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی جہاں اس کے بولرز نے حریف ٹیم کو کھل کر کھیلنے نہ دیا۔ملتان سلطانز کے روی بوپارہ 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ذیشان اشرف 21 اور خوشدل شاہ نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔شاہد آفریدی 12 اور ایڈم لائیتھ 9 رنز ہی بناسکے۔سہیل تنویر نے اننگز کے اختتامی لمحات میں جارحانہ 25 رنز بنا کر ٹیم کو 141 کے ہندسے تک پہنچایا۔کراچی کنگز کے وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آو¿ٹ کیا جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ لی۔ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم کی شاندار اننگز کی بدولت ایک مقام پر میچ کراچی کنگز کی گرفت میں دکھائی دے رہا تھا، تاہم ملتان سلطانز کے تجربہ کار کھلاڑیوں کے آگے نئے ٹیلنٹ کی ایک نہ چل سکی۔
بابر اعظم کے 65 رنز بنا کر آو¿ٹ ہونے کے بعد کراچی کنگز کا کوئی کھلاڑی سنبھل کر نہ کھیل سکا۔تاہم کنگز کے کپتان عماد وسیم نے اختتامی لمحات میں 16 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ٹیم اسکور برابر کروادیا تھا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کا سکور برابر ہونے پر فیصلہ سپر اوور میں ہوا جس میں کراچی کنگز نے ایک اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز بنائے جبکہ جواب میں ملتان سلطان کی ٹیم 6 گیندوں پر 9 رنز بنا سکی یوں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔





































