جنوبی افریقہ کے5 کرکٹرز سیریز چھوڑ کر آئی پی ایل کیلئے بھارت روانہ

جوہانسبرگ (اسپورٹس ڈیسک ) جنوبی افریقہ کے 5 اہم کھلاڑی پاکستان کے خلاف سیریز

ادھوری چھوڑ کر آئی پی ایل میں شرکت کیلئے بھارت روانہ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے اہم کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف جاری ہوم سیریز میں ملک کی نمائندگی کی بجائے آئی پی ایل میں کھیلنے کو ترجیح دی۔ جارحانہ بلے باز ڈیوڈ ملر، کوئنٹن ڈی کاک، فاسٹ باﺅلرز کگیسو ربادا، اینرچ نارٹجے، اور لونگی نگیدی آئی پی ایل میں شرکت کیلئے پاکستان کے خلاف سیریز ادھوری چھوڑ کر بھارت روانہ ہوگئے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی غیر موجودگی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو سیریز اپنے نام کرنے کا سنہری موقع مل گیا۔
واضح رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین تین ون ڈے میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ ملک کی نمائندگی کی بجائے نجی لیگ کو ترجیح دینے پر جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ اور کھلاڑی شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ فاسٹ باﺅلر ڈیل سٹین نے بھی کرکٹ جنوبی افریقہ کی پالیسیوں پر سوال اٹھا دیئے۔