کوئنٹن ڈی کوک کی سنچری، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

فیصل آباد(اسپورٹس ڈیسک )فیصل آباد کے اقبال کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے کوئنٹن

ڈی کوک کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے سلمان آغا، صائم ایوب اور محمد نواز نمایاں بیٹر رہے۔ سلمان آغا نے 106 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی پُراعتماد اننگز کھیلی، صائم ایوب نے 66 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز بنائے، جبکہ محمد نواز نے 59 گیندوں پر 3 چوکوں اور 4 چھکوں کے ساتھ 59 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

جواب میں جنوبی افریقہ نے ہدف 41ویں اوور کی پہلی گیند پر صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر کوئنٹن ڈی کوک نے ناقابلِ شکست 123 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ ان کے ساتھ ٹونی ڈی زوری نے 76 اور لوان ڈرے پریٹوریئس نے 46 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے میچ میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں — حسن نواز اور ابرار احمد کی جگہ فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر کو شامل کیا گیا، جبکہ جنوبی افریقی ٹیم نے بھی دو تبدیلیاں کیں۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی، جب کہ فیصلہ کن تیسرا میچ 8 نومبر کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔