
کراچی (ویب ڈیسک )اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو احتساب عدالت نے یکم مارچ
تک نیب کے حوالے کردیا۔ آغا سراج درانی کہتے ہیں کہ میری طبیعت ٹھیک ہے جبکہ عدالت میں وکیل نے کہا کہ آغا سراج بیمار ہیں ۔ نیب والوں نے بھی کہا ہے کہ ہم ان کی خاطر داری کریں گے۔
آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں گرفتار سراج درانی کی احتساب عدالت میں پیشی ہوئی۔ عدالت نے آغا سراج درانی کا یکم مارچ تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ آغا سراج نے عدالت میں گفتگو میں بتایا کہ میری طبیعت ٹھیک ہے،مگر جب جج کے سامنے حاضری ہوئی تو آغا سراج کے وکیل نے کہا کہ یہ بیمار ہیں، انہیں ڈاکٹر سے بھی ملنے نہیں دیا جارہا۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ ہمارے پاس 24 گھنٹے ڈاکٹرز موجود ہیں،ان کی دیکھ بھال کریں گے۔ آغا سراج درانی نے گلہ بھی کیا کہ مجھے 8 گھنٹے تک یرغمال بنا کر رکھا، میرے گھر والوں کے ساتھ بھی زیادتی کی گئی، ان کی بھی مائیں بہنیں ہیں، اس طرح کا رویہ سمجھ سے باہر ہے۔عدالت نے آغا سراج درانی کو 8 روز کے لئے ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔














