
اسلام آباد (ویب ڈیسک)سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ قانون کرایہ داری اسلام آباد کی تاجر برادری کا ایک دیرینہ
مسئلہ ہے، امید ہے کہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل عنقریب قومی اسمبلی سے منظور کرا لیا جائے گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب میں اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ دور میں پی ٹی آئی کی طرف سے قانون کرایہ داری کا ایک ترمیمی بل اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا لیکن پاس نہ کرایا جا سکا،تاہم وعدہ کے مطابق وہی ترمیمی بل دوبارہ موجودہ قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے اور متعلقہ قائمہ کمیٹی نے اتفاق رائے سے اس کو پاس کر دیا ہے جبکہ جلد ہی یہ بل قومی اسمبلی سے بھی پاس ہو جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ قانون سازی کیلئے اب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کچھ معاملات طے پا گئے ہیں جن کے مطابق قانون سازی کے بلوں کے بارے میں پیشگی اتفاق رائے کی کوشش کی جائے گی اور متفقہ بلوں کو پارلیمنٹ منظور کرانے میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان سے ایک میٹنگ کر کے تاجروں کے سی ڈی اے سے متعلقہ مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے۔














