
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ دسمبر 2020ء تک
گردشی قرضے کا خاتمہ کیا جائے گا۔
معروف اینکر پرسنز سے ملاقات کے دوران بات چیت میں مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مالی سال 2019-20ء میں حکومتی اخراجات میں کمی، سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام اور غربت میں کمی کے لئے کئی اقدامات کئے گئے۔ برآمدات میں اضافے کے لئے ٹیکسوں میں چھوٹ دی گئی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کے شعبوں میں زرتلافی بھی فراہم کی گئی تاکہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ معاہدوں اور آئی ایم ایف کی طرف سے معاونت کی فراہمی کے نتیجہ میں قومی معیشت پر دباؤ میں کمی آئی ہے۔جاری مالی سال کے دوران حکومتی اخراجات میں کمی اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے بجٹ میں اضافے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آنے والی سہ ماہیوں کے دوران حکومت محصولات میں اضافے اور اخراجات میں کمی کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی۔
ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت اقتصادی اداروں کو مضبوط بنا رہی ہے جس کا بنیادی مقصد پائیدار اقتصادی نتائج کا حصول ہے۔ا سٹیٹ بینک، ایف بی آر، سیکورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر اداروں کو زیادہ خود مختاری دی گئی ہے تاکہ یہ ادارے آزادانہ طور پر کام کر سکیں۔




































