
اسلام آباد (ویب یسک،فوٹو فائل ) بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرانے کے اقدام کی منظوری
دیدی گئی ہے۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور اس کے تحت میسر آنے والی سہولتوں پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سٹیٹ بنک آف پاکستان ملک کے آٹھ بڑے بنکوں کے تعاون سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرا رہا ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ستمبر کے پہلے ہفتے میں متعارف کرایا جائے گا۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی بدولت بیرون ملک مقیم پاکستانی گھر بیٹھے ملک کی کسی بھی بنک میں باآسانی اور منٹوں میں اپنا اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی بدولت ترسیلات زر، بلوں کی ادائیگی، سرمایہ کاری سمیت مختلف سہولیات باآسانی میسر آئیں گی۔
وزیرِ اعظم نے بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کاری کے لئے متعارف کرائے جانے والے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے حوالے سے گورنر سٹیٹ بنک اور اشتراک کرنے والے نجی بنکوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ وطن سے دور رہ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے والے ان پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔














