عمران خان کا 43 ماہ کا دورحکومت عوام پر بجلیاں بن کر گرتا رہا

اسلام آباد (خبرایجنسی،فوٹو فائل) عمران خان کا 43 ماہ کا دور حکومت عوام پر بجلیاں گراتا رہا۔

مجموعی طور پر ان 43 ماہ میں عوام پربجلی کی قیمتوں میں اضافےسے 1200 ارب سےزائد کا بوجھ ڈالا گیا۔عمران خان کی حکومت میں سرکلر ڈیٹ میں 2200 ارب کا اضافہ ہوا۔
پاکستان تحریک انصاف کی 43 ماہ تک رہنے والی حکومت کے دوران ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد 34 بار بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ اضافہ کیا جبکہ 9 بار قیمتوں میں کمی کی گئی۔
مجموعی طور پر عمران خان کی حکومت میں ستمبر 2018 سے مارچ 2022 تک بجلی کی قیمت میں 48روپے 57 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا۔
عمران خان کے دور حکومت میں سہ ماہی اور ششماہی بنیادوں پر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔مالی سال 2017-18 کے لیے سہ ماہی بنیادوں پر 1 روپے 49 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا جس سے عوام پر 198ارب روپے کا بوجھ ڈالا۔
مالی سال 2019-20 کی پہلی سہ ماہی کے لیے ایڈجسٹمنٹ کے نام پر 14 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا،مالی سال 2019-20 کی آخری سہ ماہی اکتوبر سے دسمبر میں بجلی کے صارفین پر 72 ارب روپے کا بوجھ ڈالا گیا۔ جنوری سے مارچ 2020 تک کے لیے 89 ارب روپے کا بوجھ ڈالا۔ 2021-20 کی آخری دو سہ ماہیوں کی مد میں 1 روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا۔43 ماہ کے دوران عوام سے بجلی کی قیمتوں کے ذریعے ایک ہزار 290 ارب روپے نکلوائے گئے۔
جب2018 میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوئی تو سرکلر ڈیٹ کی مد میں 400 ارب روپے کے واجبات تھے جو دسمبر 2021 میں 2800 ارب روپے ہوگئے تھے۔حکومت کی جانب سے 200 ارب روپے کی ادائیگی کے بعد سرکلر ڈیٹ کی رقم اب 2600 ارب روپے ہوچکی ہے۔