بجلی کی صورتحال سنگین ،مجموعی شارٹ فال 5000میگا واٹ تک پہنچ گیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) پاکستان بھر میں میں بجلی بحران کی صورتحال سنگین ہوگئی ،مجموعی

شارٹ فال 5000میگا واٹ تک پہنچ گیا ۔ ملک بھر میں بجلی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرگیا اور مجموعی شارٹ فال 5000 میگا واٹ تک پہنچ چکا ہے اور متعدد علاقوں میں رات او ردن کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جاتی رہی اور عوام سراپا احتجاج ہیں تاہم وزارت توانائی دعوے کررہی ہے کہ شارٹ فال 1500 میگا واٹ ہے اور لوڈشیڈنگ بھی کم ہورہی ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع نے بتایاکہ ملک میں اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزارمیگاواٹ اور طلب 24 ہزار میگاواٹ ہے اور ملک بھرمیں 8 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کا سسٹم اوورلوڈڈ ہے، 80 فیصد ٹرانسفارمراوورلوڈڈ ہیں، طلب بڑھنے کے باعث فیڈرزٹرپ کررہے ہیں۔
ترجمان وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ کم پانی کے اخراج کی وجہ سے تربیلااورمنگلا سے اس وقت 3300 میگاواٹ کی کم بجلی پیدا ہو رہی ہے، ملک کی کل بجلی کی ڈیمانڈ 24100 میگاواٹ ، سسٹم میں موجود پیداوار 22600 میگاواٹ ہے، تقسیم کار کمپنیوں کو نظام بہتر بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، بجلی کی پیداوار آنے والے دنوں میں بڑھ جائےگی، بجلی صارفین سے عارضی طور پر لوڈ مینجمنٹ پرمعذرت خواہ ہیں۔