افواج پاکستان جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہے،ترجمان پاک فوج

راولپنڈی (ویب ڈیسک )ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت سنجیدگی سے دیکھے وہ کہاں جانا چاہتا ہے؟ افواج پاکستان

جارحیت کا جواب دینے کےلئے تیار ہے۔

ایک بیان میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 15 برس سے جنگ لڑرہا ہے، جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فائونڈیشن پر پابندی کا فیصلہ جنوری میں ہوچکا تھا۔

انہوں نے کہاکہ ہم کسی کے کہنے پر یہ سب کچھ نہیں کررہے،یہ وقت اکٹھے ہونے کا ہے،اب پاکستان کا بیانیہ چلے گا، سسٹم بہتر ہوگا تو ملک کو ہی فائدہ ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتیں متفق تھیں،اس پر 2014ء سے عمل جاری ہے، اُس وقت پلواما،ایف اے ٹی ایف نہیں تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان میں کچھ فنانشل ایشو بھی تھے،جس طرح اس پلان پر عملدرآمد ہونا چاہیے تھا نہیں ہوسکا ۔

میجر آصف غفور نے ایک پھر دہرایا کہ پلواما حملے میں پاکستان کا کوئی ہاتھ نہیں تھا،بھارت سے ڈوزیئر ملا ہے،متعلقہ وزارت دیکھ رہی ہے،کوئی ملوث ہوا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشیدگی تو ہے تاہم دونوں جانب اسٹریٹجک ٹھہراو ہے،اضافی حفاظتی سیف گارڈز ہیں،28 فروری کے بعد ایل او سی پر صورتحال قدرے بہتر ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ 26فروری کو بھارت نے جارحیت کی27فروری کو ہم نے جواب دیا،26 سے 28 فروری تک کافی تناو رہا، ایل او سی پر فائرنگ کے تبادلے میں ہمارے 2 جوان اور 4شہری شہید ہوئے۔