پیپلز پارٹی کا شیخ رشید کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان

اسلام آباد:جیالوں نے پنڈی بوائے کیخلاف محاذ گرم اور پیپلز پارٹی نے شیخ رشید کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کردیا۔ وزیر ریلوے کے بلاول سے متعلق 

بیانات پر حکومت سے وضاحت بھی طلب کرلی۔ نیئر بخاری کہتے ہیں سیاسی قیادت کو دیوار سے لگانا ملکی مفاد میں بہتر نہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنماء منظور چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بینظیر بھٹو کو جنرل (ر) پرویز مشرف نے دھمکی دی تھی، شیخ رشید کی دھمکی کو پیپلزپارٹی کبھی نظر انداز نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شیخ رشید کیخلاف دھمکی کے خلاف مقدمہ درج کرائے گی۔

نیئر بخاری بولے کہ وزراء کی جانب سے کالعدم تنظیموں کی حمایت پر پارلیمنٹری کمیٹی بنائی جائے، پارلیمانی کمیٹی کیلئے جے آئی ٹی بنانے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 20 نکات پر مکمل عمل چاہتے ہیں، یہ کیسا نیشنل ایکشن پلان ہے کہ مرکزی دھارے کی جماعتوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔

پی پی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ منی لانڈرنگ کیس کی منتقلی پی پی کیخلاف سازش ہے، سندھ کی عدالتوں اور نیب کو بند کردیا جائے، بلاول بھٹو زرداری سے یکجہتی کیلئے کل کارکنان عدالت جائیں ۔