
ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہاہے۔ دن کا شایان شان آغاز توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔ مساجد میں وطن عزیز کی
سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے گن کلب میں اکتیس اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی پیش کی گئی تو گولوں کی گھن گرج سے فضا گونج اٹھی۔
شہر شہر وطن کی ترقی ، خوشحالی، سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور ملک دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بننے کا پختہ عزم کیا گیا۔
لاہور کے محفوظ شہید گیریژن میں 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ پاک فوج کے چاک و چوبند دستوں نے نعرہ تکبیر، اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلگ شگاف نعرے لگائے۔
پشاور کےکرنل شیر خان گراؤنڈ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔
شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ تینوں مسلح افواج کے دفاعی سازو سامان کی نمائش بھی کی جائے گی جن میں بیلسٹک اور کروز میزائل ، توپوں ، ٹینکس سمیت روایتی ہتھیار سب شامل ہیں۔
یوم پاکستان پریڈ کے موقع پرملائشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد مہمان خصوصی ہیں۔ اس کے علاوہ آذر بائیجان کے وزیر دفاع، بحرین فوج کے سربراہ، سلطنت آف عمان کے سرکاری عہدیداران بھی شریک ہوئے۔
صدر مملکت عارف علوی نے پریڈ سے خطاب کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان، مسلح افواج کی قیادت بھی سلامی کے چبوترے پرموجود رہی۔
چین، ترکی آذربائیجان، بحرین، سری لنکا اور سعودی عرب کے دستوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا جبکہ پاک افوج کے ساتھ ساتھ آذربائیجان، بحرین، سعودی عرب اورسری لنکا کے پیراٹروپرز نے بھی فری فال جمپ کا مظاہرہ کیا ۔ ترکی کے ایف 16 اور چین کے جے 10 طیاروں نے فضا میں کرتب دکھائے۔آئی ایس پی آر نے 72 ویں یوم پاکستان کی مناسبت سے قومی نغمہ جاری کیا ۔














