
اسلام آباد(رنگ نوڈاٹ کام) گجرات کےقصائی نریندرمودی نے گھٹنے ٹیک دیئے یا پھراگلے ماہ ہونے والے الیکشن جیتنے کیلئے مکاری سے کوئی چال چلی
ہے؟،یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا،مگراس وقت معاملہ یہ ہے کہ پاکستان اور مسلمانوں کے خون کے پیاسے مودی نے انتہائی غیرمتوقع طور پر پاکستان کیلئے’’نیک خواہشات‘‘ کا اظہار کیا ہے۔
جی ہاں ! وزیرِ اعظم عمران خان نے بتایا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستانی قوم کے لیے خیر سگالی کا پیغام بھیجا ہے۔
ایک ٹویٹ میں وزیرِ اعظم عمران خان نے لکھا کہ انہیں نریندر مودی کا پیغام ملا ہے کہ ’میں پاکستان کے قومی دن کے موقع پر پاکستان کے عوام کو نیک خواہشات اور مبارکباد دیتا ہوں۔‘ مودی کے پیغام میں مزید کہا گیا کہ ’اب وقت آ گیا ہے کہ بر صغیر کے لوگ دہشت اور تشدد سے پاک ماحول میں مل کر جمہوریت، امن، ترقی اور مستحکم خطے کے لیے کام کریں۔`

مودی کے پیغام کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اپنی دوسری ٹویٹ میں کہا کہ ‘میں وزیراعظم مودی کے ہمارے عوام کے لیے پیغام کا خیر مقدم کرتا ہوں’۔‘جس طرح ہم یوم پاکستان منا رہے ہیں تو میں سمجھتا ہوں کہ تمام مسائل خصوصاً بنیادی مسئلہ کشمیر کے حل اور ہمارے تمام لوگوں کے لیے امن و استحکام کی بنیاد پر نیا تعلق قائم کرنے کے لیے بھارت سے جامع مذاکرات شروع کرنے لیے یہی وقت ہے’۔














