
ہالا(رپورٹ:سلمان غوری )جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیروسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں حق وباطل کا معرکہ جاری
ہے، اسلام وکفر کی جنگ میں کوئی بھی صاحب ایمان لاتعلق نہیں رہ سکتا۔فکر آخرت اور حق کے غلبے کیلئے جدوجہد کرنے والا انسان ہی اللہ کو مطلوب ہے۔
یہ بات انہوں نے منصورہ ہالا میں منعقدہ ذمہ داران کی سہ روزہ تربیت گاہ کے دوسرے روز شرکاءسے خطاب کرتے ہوئےکہی۔ قبل ازیں صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے انہیں سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا۔
اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ مغرب اسلاموفوبیا کا شکار اور تعصب کے اندر ڈوبا ہوا ہے جو اب اسلام ومسلمانوں کیخلاف دشمنی پر اتر آیا ہے، نیوزیلنڈ سانحہ اس کی تازہ مثال ہے اگر یہ کام کسی مسلمان نے کیا ہوتا تو ایک طوفان برپا ہوجاتا مگر مغربی دنیا اور مغرب کا میڈیا تعصب پر مبنی دہرا کردارقابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے نبی اور اسلام کے دشمن ان کے ہیروز ہیں، تسلیمہ نسرین، سلمان رشدی جیسے دین دشمن لوگوں کو مغرب اپنے ہاں پناہ دیکر پال رہا ہے ۔
قبل ازیں مفتی ولی محمد اصلاحی، معروف دانشور شاہنواز فاروقی نے بھی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کیا۔
شاہنواز فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے، مولانا مودودیؒ نے امت کو بھولا ہوا سبق یاد دلایا، جنہوں نے نہ صرف حق اور اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا بلکہ اسلام کو مغلوب نہیں غالب ہونے کا تصور دیا، علامہ اقبالؒ نے نظم اور مولانا نے نثر سے قوم کی رہنمائی کی، دنیا میں اس وقت جتنی بھی تحریکیں چل رہی ہیں ان کی اکثریت مولانا مودودیؒ کے فکر سے متاثر ہے۔۔














