
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،فوٹو:فائل )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو چھوڑنے کی درخواست کچھ دوست
ملکوں نے بھی کی تھی۔ دفتر خارجہ حکام نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر زندہ ہے لیکن بھارت میں انتخابی ماحول کے باعث ابھی مذاکرات ممکن نظر نہیں آرہے۔
ملکی سلامتی کے بڑے معاملات پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کی بند کمرہ بیٹھک ہوئی جس میں پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے تناظر میں دفتر خارجہ حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔
ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ حالات اور حقائق سے پوری دنیا کو آگاہ کردیا گیا، مشکل صورت حال درپیش ہے لیکن پھر بھی ہندوستان کے ساتھ جارحیت کم کرنے کی خواہش بھی رکھتے ہیں۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بھارت میں انتخابی ماحول کے باعث فی الحال مذاکرات ممکن نہیں ، الیکشن زدہ بھارت سے خبردار رہنے کا انتباہ بھی کردیا گیا۔
کمیٹی چیئرمین امجد خان نے کہا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاکستان پر حملہ کیا تو منہ توڑ جواب نہیں ملے گا۔ دفتر خارجہ حکام نے کہا کہ کرتارپور بارڈر کے حوالے سے بھی بھارت سے مثبت اشارے مل رہے ہیں۔














