
اسلام آباد:عمران خان کہتے ہیں کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، نوجوانوں کو تعلیم دی تو یہ پاکستان کو اوپر لیکر جائیں گے، حیدرآباد میں
یونیورسٹی کی مخالفت پر حیران ہوں، ہمیشہ سمجھتا تھا ایم کیو ایم کا نظریہ تحریک انصاف سے ملتا ہے، متحدہ والے بہت نفیس لوگ ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے حیدر آباد یونیورسٹی سنگ بنیاد رکھ دیا، تقریب سے خطاب میں بولے کہ آج بہت خوش ہوں، سڑکیں بنتی رہتی ہیں لیکن جب لوگوں پر خرچ ہوتا ہے تو ترقی ہوتی ہے، تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، ملک اور قوم کا اصل تحفظ تعلیم سے ہی ممکن ہے، ہمارے نبی ﷺ نے بھی مسلمانوں کو پڑھانے پر جنگی قیدیوں کو رہائی دی، مسلمانوں نے تعلیم پر توجہ دی تو 700 سال دنیا پر حکمرانی کی، نوجوانوں کو سیرت نبوی ﷺ پڑھائی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ سنگاپور کی ایک یونیورسٹی کا بجٹ پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں سے زیادہ ہے، چھوٹا سا سنگا پور 300 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے، نوجوانوں کو تعلیم دی تو یہ پاکستان کو اوپر لیکر جائیں گے، نوجوانوں کو تعلیم نہیں دی گئی تو ملک نیچے چلا جائے گا، عظیم ملک بننے کا خواب تعلیم کے بغیر پورا نہیں ہو سکتا، کفر کا نظام چل جائے گا لیکن ناانصافی اور ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔
عمران خان بولے کہ میں نہیں سمجھ سکتا کہ یہ کونسی ذہنیت ہے جو یونیورسٹی کی مخالفت کرتی ہے، حیران ہوں کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کی مخالفت کون اور کیوں کررہا ہے؟، ڈٓاکٹر خالد مقبول صدیقی سے پوچھوں گا کہ یہ کون لوگ ہیں جو حیدرآباد یونیورسٹی کے مخالف ہیں، اگر آپ یونیورسٹی بننے میں مدد نہیں کرسکتے تو مخالفت تو نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت انصاف اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، نمل یونیورسٹی کا تجربہ حیدرآباد یونیورسٹی کے ساتھ شیئر کریں گے، ہمارے پاس وہ اسکالرز ہی نہیں ہیں جو مغرب کو جواب دے سکیں، مولانا فضل الرحمان یورپ یا امریکا کو کیا جواب دیں گے، تعلیم پر توجہ دی جاتی تو آج ہم مغرب کو گستاخانہ خاکوں پر بھرپور جواب دے پاتے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں معاشرے میں عجیب سی چیز آگئی تھی، ٹی وی پر بیٹھ کر لوگوں نے انگریزی بولنا شروع کردی، 90 فیصد پاکستانیوں کو انگریزی نہیں آتی، سمجھ نہیں آتا کہ ہمیں اردو سمجھ آتی ہے اور آپ انگریزی بولنا شروع کردیتے ہیں۔ بلاول پر تنقید کرتے ہوئے بولے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بھی پارلیمنٹ میں آکر انگریزی میں تقریر شروع کردیتے ہیں، یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ انگریزی بولیں گے تو پڑھے لکھے نظر آئیں گے، ہم انگریزی میں بول کر اپنے عوام کی توہین کررہے ہوتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ انگریزی میں بات کرنے کی یہ روایت غلط ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کہتے ہیں کہ ہمیشہ سمجھتا تھا ایم کیو ایم کا نظریہ تحریک انصاف سے ملتا ہے، اصل مسئلہ صرف شر پسندی تھا، متحدہ والے بہت نفیس لوگ ہے، امید ہے آئندہ انتخابات مل کر لڑیں گے۔














