
گھوٹکی :پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے ایک بار پھر اٹھارہویں ترمیم کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ لوگ اٹھارہویں ترمیم ختم کرکے صوبوں کو بے
اختیار بنانا چاہتے ہیں۔گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے عمران خان کو کٹھ پتلی وزیراعظم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اٹھارہویں ترمیم ختم کرنے کی کوشش کی تو’دمادم مست قلندر‘ہوگا۔بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان سارے وعدے جھوٹے نکلے،یہ غربت کی بجائے غریب کو ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی حکومت نہیں دیکھی جو سال میں تین بجٹ پیش کرتی ہے،ہربجٹ کے بعد ملک میں مہنگائی کا طوفان لے کر آتی ہے،انہوں نے کہا تھا کہ خودکشی کرلوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا لیکن اب یہ در در جاکر بھیک مانگ رہے ہیں۔ بلاول کا مزید کہنا تھا کہ یہ ون یونٹ بنا کر وفاق کو کمزور کرنا چاہتے ہیں،ون یونٹ سےپہلے بھی ملک ٹوٹا تھا اور کیا یہ اب پھرملک توڑنا چاہتے ہیں،
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی کو خبردار کررہا ہوں کہ اٹھارہویں ترمیم ختم کرکے عوام کے حقوق کو غصب کرنے اور ون یونٹ بنانے کی کوشش کی گئی تو دمادم مست قلندر ہوگا۔














