وزیراعلیٰ پنجاب سےچین کے نائب صدر کی ملاقات

لاہور (ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہےکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دو ملکوں کے نہیں بلکہ دو بھائیوں کے درمیان

لازوال دوستی  کےہیں ۔چین نے 70 کروڑ لوگوں کو 20برس میں غربت سے نکالاہے۔

   یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے چین کے نائب صدر وانگ چی شن سے گفتگو میں کہی ،جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔دونوں رہنما ؤں کی ملاقات میں  باہمی دلچسپی کےامور، پاک چین تعلقات کے فروغ،سی پیک کے منصوبوں پر پیشرفت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا-

وزیراعلیٰ اور چینی نائب صدر نے صنعت ، زراعت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا  اور فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب اور چین کے بڑے شہروں کے مابین اشترا ک کار کو فروغ دیا جائے گا-

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق غربت کے خاتمے کے لئے چین کے بے مثال ماڈل کو پنجاب میں نافذ کریں گے۔چینی نائب صدر وانگ چی شن نے کرپشن کے خاتمے کے لیے بے پناہ کام کیا ہے اورکرپشن کے خاتمے کے لئے چین ہمارے لئے رول ماڈل ہے-

چین کے نائب صدروانگ چی شن نے کہا کہ چین کے صدر کی ہدایت پر پاکستان آیا ہوں اور دنیا کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاک چین دوستی بہت مضبوط ہے،لاہور آکر بہت پیار او رمحبت ملی ہے،پاکستان اورچین کی دوستی پہلے سے کئی زیادہ پائیدار بنیادوں پر استوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں بہت مثبت رہیں-چین او رپاکستان کی قیادت ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں-دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات ہر آنے والے روز مضبوط سے مضبوط ترہو رہے ہیں،لاہور پا کستان کا تاریخی شہر اور دل ہے،یہ حقیقت ہے کہ جس نے لاہور نہیں دیکھا اس نے پاکستان نہیں دیکھا-پاکستان کی ترقی کے سفر میں چین کا تعاون جاری رہے گا- -