یوم تکبیرآج ، ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جارہی ہیں

لاہور (ویب ڈیسک )پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی21ویں سالگرہ کی مناسبت سے ’’ یوم تکبیر ‘‘ آج ( منگل ) منایا جائے گا ۔ اس دن 

کی مناسبت سے مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جارہی ہیں، جس میں ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کےلئے دعائیں مانگی جائیں گی ۔

 مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام خصوصی سیمینارزکا بھی انعقاد ہوگا جس میں شرکاء سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کریں گے ۔مسلم لیگ (ن) لاہور کے زیر اہتمام ماڈل ٹائون میں تقریب منعقد ہو گی جس میں مریم نواز ، حمزہ شہباز ،شاہد خاقان عباسی ، رانا ثنا اﷲ ،خواجہ آصف اور رانا تنویر سمیت دیگر شرکت کریں گے ۔

واضح رہے کہ پڑوسی ملک بھارت 1974 میں ہی ایٹمی تجربہ کر کے خطے میں ایٹمی اسلحہ کی دوڑ شروع کرچکا تھا جس نے مئی 1998 میں ایک مرتبہ پھر ایٹمی دھماکے کئے تاکہ پاکستان پر دباؤ ڈالا جاسکے جس کے جواب میں پاکستان نے بھی 28 مئی 1998 کو صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے مقام پر پانچ کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کو بھرپور جواب دیا تھا۔