
کراچی (ویب ڈیسک ) معروف عالم دین اور جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے۔
علامہ عباس کمیلی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)کی جانب سےسینیٹر بھی رہے۔
علامہ عباس کمیلی فلسطین فاونڈیشن پاکستان کےسرپرست اراکین میں سےتھے۔وہ گزشتہ چار ماہ سے کراچی کے علاقے سولجر بازار میں واقع ایک نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے،جہاں ہفتے کوخالق حقیقی سے جاملے۔ان کی عمر 88 برس تھی اور وہ شوگر، بلڈپریشر اورعارضہ قلب میں مبتلا تھے۔
ترجمان جعفریہ الائنس پاکستان کے مطابق علامہ عباس کمیلی کو ایک روز پہلے ہی طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے اور فاطمیہ اسپتال نمائش چورنگی میں انتقال کرگئے۔
علامہ عباس کمیلی کے انتقال پر وزیر اعظم عمران خان کےعلاوہ مجلس وحدت المسلمین اور شعیہ علما کونسل سمیت متعدد رہنماوں نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ علامہ ملت کا اثاثہ تھے اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم عمران خان نے ممتازعالم دین علامہ عباس کمیلی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ عباس کمیلی اتحاد بین المسلمین اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک مضبوط آواز تھے۔اپنے تعزیتی پیغامیں وزیر اعظم نے علامہ عباس کمیلی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور سوگواران کو صبر عطا فرمائے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی علامہ عباس کمیلی کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ علامہ عباس کمیلی کی بطور عالم دین شخصیت اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ علامہ عباس کمیلی اتحاد بین المسلمین کے بڑے وکیل تھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ علامہ نے ہمیشہ فلسطین و کشمیر کے مظلوموں کے لیے آواز اٹھائی۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے علامہ عباس کمیلی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ علامہ عباس کمیلی اچھے عالم اور بہترین انسان تھے۔














