امیرقطرکےسرمایہ کاری کےاعلان پرمشکور ہیں

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نےامیرقطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے پاکستان

کیلئےڈپازٹس کی مد میں تین ارب ڈالر دینے اور ملک میں براہ راست سرمایہ کاری کے اعلان پرقطر کے امیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپرجاری پیغام میں انہوں نے کہاکہ ہم امیرقطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے پاکستان کیلئے ڈپازٹس کی مد میں تین ارب ڈالردینے، ملک میں براہ راست سرمایہ کاری کے اعلان اوردونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کے اعادہ پرامیرقطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کے مشکورہیں۔

 مشیر خزانہ نے کہا کہ یہ اہم اعلان امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے حالیہ دورہ کے اختتام کے پس منظر میں کیا گیا ہے جو دونوں برادر ممالک کے درمیان بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو تجارت اور سرمایہ کاری میں ڈھالنے کے عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعلان برادر اسلامی ممالک کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا بھی مظہر ہے جن کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتصادی بڑھوتری کو یقینی بنانے کے لئے قرضوں کے بوجھ تلے دبی معیشت کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے سخت اقدامات کیےہیں۔

 امیر قطر کے دو روزہ سرکاری دورہ کے دوران پاکستان اور قطر نے مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط کئے تاکہ تجارت، کاروبار، سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔