حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ،فردوس عاشق

اسلام آباد(ویب ڈیسک ،فوٹو:فائل )وزیراعظم کی معاون خصوصی  برائےاطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں

ابہام کا شکار ہیں جب تک اپوزیشن کا ایک بیانیہ نہیں ہوگا حکومت سنجیدہ نہیں لے گی۔

ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ذاتی مفاد کی خاطر سرجوڑ کر بیٹھی ہے،قوم کو بتایا جائے اے پی سی کے لیے فنڈنگ کہاں سے ہو رہی ہے۔الیکشن پر انگلیاں اٹھانے والے بتائیں الیکشن کمشنر کس نے لگایا ۔ اپوزیشن جماعتوں نے ایک دوسرے پر مرہم رکھنے کی کوشش کی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  مولانا فضل الرحمٰن نے 10ماہ بعد قوم کے درد کو محسوس کیا،الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے جو تڑپ ان کے دل میں تھی وہ ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر میں تبدیل ہو گی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ،اپوزیشن جماعت اس بات پر متفق ہو گئی ہیں کہ یہ الیکشن دھاندلی زدہ ہیں اس اسمبلی کو نہیں رہنا چاہیے استعفے دے دینے چاہئیں۔ کیا جہاں اپوزیشن جیتی ہے وہاں فیئر الیکشن ہوئے جہاں سے اپوزیشن ہار گئی ہے وہاں سلیکشن ہوئی ہے کیا اپوزیشن والے اس سوال کا جواب دے دیں گے۔