
حیدرآباد(رپورٹ :راشد فاروق)حیدرآباد کی تاریخ میں پہلی بارپھلوں کےبادشاہ آم کی ملکی اورغیر ملکی مارکیٹوں تک رسائی کیلئے ایکسپو سینٹر
حیدرآبادمیں 2روزہ مینگو شو2019کا آغازہوگیا۔
مینگو شوکاافتتاح وزیرزراعت محمد اسماعیل راہو کی جانب سےکیاگیا۔اس موقع پر ڈویژنل کمشنرحیدرآباد محمد عباس بلوچ ، ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد غلام سرورجمالی ودیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیرزراعت محمد اسماعیل راہونےمینگوشومیں لگائے گئےمختلف اسٹالز کا دورہ کیا،جہاں انہیں سندھ میں پیدا ہونے آموں کی مختلف اقسام جس میں کلیکٹر ، لال رامپوری ، پتاشو ، نیلم ،دیسی ، چوسہ ، لنگڑا، کالی سرولی ، سفید سرولی ، سونارو اور سوناری ، لعل بادشاہ ، انور راٹول ، بمبئی حافظ ، بمبئی گرین ،بوتل ، سندھ پہلوان ، طوطا پری ،صمد مینگو ،کالا پہاڑ، بیوفا جمال پوری ،انفاسو ، بھوری سندھڑی ، وائٹ سندھڑی،بھرچھوسمیت 30سےزائد اقسام کے متعلق تفصیلی آگاہی دی گئی۔
میڈیا سے بات چیت کرتےہوئےاسماعیل راہونےکہا کہ سندھ زرعی سر زمین ہے جہاں چاروں موسموں کے دوران مختلف قسم کے پھل ، سبزیاں اور دیگر پیداوار ہوتی ہے ۔آم پھلوں کا بادشاہ ہےجس کی پیداواردیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں سب سے زیادہ ہوتی ہےاور سندھ سے آم ملک بھر میں ہی نہیں بلکہ بیرون ملک میں بھی بھیجے جاتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ صوبے کے کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ جدید زرعی سہولیات فراہم کی جائیں۔














