
کراچی(ویب ڈیسک) کراچی میں اتوار کو گرج چمک کے ساتھ چند منٹوں کی بارش نےشہر کا حلیہ بگاڑ دیاہے،جبکہ
بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 3افراد جاں بحق اور ایک شہری چھت سے پراسرار طور پر گر کر جان گیا ۔
کورنگی اللہ والا ٹاون میں گھر میں کام کے دوران کے کرنٹ لگنے سے 32سالہ سمیع اللہ، لیاری دھوبی گھاٹ شیدی عربی مسجد کے قریب کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 25سالہ سلیم ولد حاجی ملنگ اورائیرپورٹ کے علاقے چھوٹا گیٹ کے قریب کام کے دوران کرنٹ لگنے سے35سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا۔ اورنگی ٹاﺅن نمبر 5 میں واقع فیکٹری میں کام کے دوران چھت سے گر کر مزدور24سالہ عبدالستارولد نورمحمد شدید زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پر عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔
دوسری جانب شہرمیں مون سون کی بارشوں کی مسلسل پیشگوئیوں کے باجود بلدیاتی ادارے نالوں کی صفائی کا کام انجام دینے میں غیر سنجیدہ ہیں۔
بلدیہ ضلع وسطی کے نااہل اور بدعنوان افسران گزشتہ بارش کے دوران ابلنے والے نالوں تاحال صفائی نہیں کرسکے۔ چند منٹوں کی بارش میں ہی ایک بار پھر یوپی نالہ،شادمان ٹاون نالہ ابل پڑا۔ نالے ابلنے سے نارتھ ناظم آباد،نارتھ کراچی اور نیوکراچی ناگن چورنگی، بفرزون، کے بی آر سوسائٹی، شادمان ٹاون سمیت کئی علاقے اور سڑکیں زیر آب آگئیں،
یوپی سوسائٹی،ناگن چورنگی،شادمان ٹاون کے نالے ابلنے سے گندا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ لطیف نگر، آدم ٹاون،یوپی سوسائٹی، شادمان، بفرزون کے علاقے زیر آب آگئے جبکہ ناگن چورنگی سے لیکر یوپی موڑ تک 5000روڈ پر 3فٹ پانی جمع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ایک طرف بارش اور سیوریج کے گندے پانی نے علاقہ مکینوں کا مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔
شاہراہ فیصل ،ایم اے جناح روڈ،آئی آئی چندریگر روڈ سمیت شہر کی دیگر مرکزی شاہراہوں پر بھی جگہ جگہ کئی فٹ پانی کھڑا ہونے سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔














