
کراچی (رپورٹ :یاسمین شوکت) شہرکے مختلف علاقوں میں تیز بارش ،نشیبی علاقے زیرآب آگئے،نکاسی آب کا نظام
فیل ہونے کے باعث شہر میں جگہ جگہ پانی جمع ،گٹر بھی ابل پڑے ،شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ۔
شہرقائد میں بارش نے معمولات زند گی متاثر کردی ہیں ،پیر کو صبح اور شام کے اوقات میں ہونے والی تیزبارش سے شہر میں جگہ جگہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے ،نئی کراچی ،سرجانی ٹاو¿ن ،کورنگی ،لانڈھی،ملیر شاہ فیصل کالونی گلشن اقبال ،ڈیفنس ،شاہراہ فیصل ،صدر ،اورنگی سمیت شہر کے مختلف وعلاقوں میں ہونے والی بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ،جس سے لوگوں کی آمدرورفت بری طرح متاثر ہوئی ،پانی کی وجہ سے سیکڑوں کاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہوگئیں ۔ادھر ملیر ندی کا پانی کورنگی ندی روڈ پرآگیا جس کے سبب دوطرفہ سڑک بند کردی گئی ہے۔کورنگی کازوے بھی ندی کے پانی کی وجہ سے بند کردی گئی ہے،جس سے کورنگی کراسنگ،چمڑا چورنگی اور صدر ، کالاپل اورڈیفنس سے گودام چورنگی آنے اورجانے والی ٹریفک جام ہوگا جس سے شہریوں کو گھنٹو ں اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے پانی کے نکاسی کا نظام نہ ہو نے کے باعث سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ سیوریج نظام نے بھی جواب دے دیا ہے ،سیوریج کا پانی سڑکوں پر آگیا ،نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ۔شہریوں نے نکاسی آب کا نظام فیل ہونے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ شہری حکومت نے باران رحمت کو شہر قائد کیلئے زحمت بنا دیا ہے۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے صورتحال کو نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔














