بھارتی فوج کی پھربلا اشتعال فائرنگ، حوالدار اور خاتون شہید

راولپنڈی(ویب ڈیسک )لائن آف کنٹرول پر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے

حوالدار ناصر حسین اور ایک خاتون شہید ہوگئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ہفتےکو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول حاجی پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 33 سالہ حوالدار ناصر حسین شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر ے مطابق شہید حوالدار ناصر حسین کا تعلق نارووال سے تھا۔ ناصر حسین 16 سال سے پاک فوج میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی گولہ باری سے لائن آف کنٹرول نکیال سیکٹر کے سرحدی گاؤں بالاکوٹ میں خاتون بھی شہید ہوگئیں، اس کے علاوہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے اندروٹھ دریاڑی میں 4 خواتین زخمی ہو گئیں جن کی شناخت نازیہ بی بی، گل یاسمین، شاہ بیگم اور شمائلہ کے نام سے ہوئی، جن میں سے ایک شدید زخمی ہے جسے کوٹلی ریفر کر دیا گیا۔

بھارتی گولہ باری سے 2 بھینسیں اور 2 بکریاں بھی ہلاک ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں ۔