دوایٹمی قوتیں مدمقابل ہوں توجنگ چھڑسکتی ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران نے کہاہے کہ کشمیر 80لاکھ کشمیریوں کا نہیں خطے کے

دوارب لوگوں کا مسئلہ ہے ،پاکستان کبھی جنگ میں پہل نہیں کرے گا کیونکہ میں خود جنگ کے مخالف ہوں مگردو ایٹمی قوتیں آمنے سامنے ہوں تو ایٹمی جنگ چھٹر سکتی ہے۔

 الجزیرہ ٹی وی کو دئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جنگ کبھی مسائل کا حل نہیں ہوتی بلکہ جنگ سے مسائل جنم لیتے ہیں اور جنگ کے نتائج بھی تباہ کن ہوتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان اور عراق سمیت دنیا بھر میں جہاں جہاں جنگیں ہوئی ہیں ،وہاں تباہ کن اثرات ہوئے، پاکستان بھارت سے جنگ کرنا نہیں چاہتا لیکن اگر دو ایٹمی قوتیں آمنے سامنے ہوں تو ایٹمی جنگ چھٹر سکتی ہے۔۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ایٹمی ملک روایتی جنگ ہار جائے تو دو راستے ہوتے ہیں،وہ ملک یا تو ہتھیار ڈال دے یا ایٹمی حملہ کر دے ،اگر کشمیر پر جنگ ہوئی تو پوری دنیا متاثر ہو گی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے اسی لیے اقوام متحدہ سمیت دنیا کی ہر عالمی طاقت سے رجوع کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہتھیار ڈالنے اور آزادی میں انتخاب کرنا ہوا تو پاکستانی آخری دم تک لڑیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ایٹمی جنگ سے بچنے کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

ایک اورانٹرویو میں وزیراعظم نے کہاکہ کوئی بھی سمجھدارشخص جوہری جنگ کی بات نہیں کرسکتا،دنیا کوپاک بھارت جنگ کا نقصان ان کی سوچ سے بھی بڑھ کر ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، مکمل بلیک آؤٹ ہے، بھارت کشمیریوں سے فیصلہ منوانے کے لیے غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے، اقوام متحدہ نے بھی کشمیر میں مظالم کی رپورٹ جاری کی۔