
کراچی (ویب ڈیسک )وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیرماحولیات و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن
ایجنسی ( سیپا ) نے کارروائی کرتے ہوئے کیماڑی کے علاقے میں فضائی آلودگی پھیلانے والی فیکٹری کو سربمہر کردیا ۔
علاقہ مکینوں نے شکایت کی تھی کہ مذکورہ فیکٹری میں غیر قانونی طریقہ سے کوئلہ جلا کر خام لوہا تیار کیا جارہا تھا اور یہ فیکٹری فضائی آلودگی پھیلا رہی تھی فیکٹری میں کھلے عام کوئلہ جلا کر خام لوہا تیار کیا جارہا تھا جس سے علاقہ میں خطرناک گرد و غبار بڑھ رہا تھا اور امراضِ چشم ، جلدی بیماریاں ، سانس اور جگر کی بیماریاں بڑھنے سے افراد بالخصوص بچے ان کا شکار ہو رہے تھے ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سیپا وارث علی گبول کی سربراہی میں مزکورہ فیکٹری پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی اور فیکٹری کو سیل کردیا گیا ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وارث گبول نے بتایا کہ یہ فیکٹری غیر ملکی باشندے چلا رہے تھے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ فیکٹری میں ماحولیاتی قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کی جارہی تھی سیپا کی ٹیم میں ایڈیشنل ڈی جی وقار پھلپوٹو، انسپکٹر راؤ زیشان، فیصل ملک اور دیگر موجود تھے۔
مشیر ماحولیات نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے سیپا کی ٹیم کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ ہر فیکٹری کو ماحولیاتی قوانین پر عمل کرنا ہوگا اس ضمن میں صنعت کاروں کو بھی تعاون کرنا ہوگا ۔














