
نارووال (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو پیغام دیا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کر کے خطے
میں امن لایا جا سکتا ہے اور برصغیر کو اٹھایا جا سکتا ہے۔
کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے کرتارپور کی اہمیت کا اندازہ نہیں تھا۔ مجھے چند سال پہلے پتا چلا اس کی اہمیت کیا ہے۔یہ ایسے ہے جیسے ہم مدینہ کو چار پانچ کلو میٹر سے دیکھ سکیں لیکن وہاں جا نہ سکیں۔ اس پر مسلمانوں کو کتنی تکلیف ہو گی۔ یہ دنیا کی سکھ برادری کا مدینہ ہے۔جہاں آج اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کا لیڈر نفرتیں نہیں پھیلاتا اور جو نفرت پھیلاکر ووٹ لیتا ہے،وہ لیڈر نہیں ہوتا۔ ہم ہمسایوں کی طرح بات چیت کر کے اپنا مسئلہ حل کر سکتے ہیں۔ جب منموہن سنگھ وزیراعظم تھے تو انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہم کشمیر کا مسئلہ حل کر لیں تو پورا برصغیر اٹھ سکتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا میں نے یہی بات مودی کو کہی تھی کہ ہم یہ مسئلہ کیوں حل نہیں کرتے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے آج جو کشمیر میں ہو رہا ہے، یہ زمینی مسئلے سے اوپر نکل گیا ہے اور یہ انسانی حقوق کا مسئلہ بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 80لاکھ لوگوں کے سارے انسانی حقوق ختم کرکے انہیں 9 لاکھ فوج کے ذریعے بند کیا ہوا ہے۔ یہ انسانیت کا مسئلہ ہے جو حق اقوام متحدہ نے انہیں دیا وہ چھین لیا گیا۔ اس طرح کبھی امن نہیں ہو گا، اس وجہ سے سارے تعلقات رکے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مودی اگر میری بات سن رہے ہیں تو سنیں انصاف سے امن ہوتا ہے نا انصافی سے انتشار پھیلتا ہے، مودی کشمیر کے لوگوں کو انصاف دیں اور برصغیر کو اس مسئلے سے آزاد کر دیں تاکہ ہم انسانوں کی طرح رہ سکیں۔














