
سرینگر (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اس بات کو یقینی بنائیں کہ
مقبوضہ علاقے کا کوئی سیاست دان بھارت کے مذموم منصوبوں کو مزید آگے بڑھانے کیلئے اسکے ساتھ تعاون کی جرأ ت نہ کرے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت جموں و کشمیر نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے کسی آلہ کار اور غدار کو ہرگز بردشت نہیں کرنا چاہئے۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیری عوام کی شناخت چھیننے والے نریندر مودی اور اس کی فرقہ پرست حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنے معاونین اور آلہ کارتلاش کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔
تحریک حریت نے مزید کہا کہ کشمیریوں نے اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودا رادیت کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور کسی کوبھی ان قربانیوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
دریں اثنا مسلسل 97 ویں روز بھی جاری رہنے والے بھارتی فوجی محاصرے کے باعث مقبوضہ وادی کشمیر اور جموں خطے کے لوگوں کو بدستور مشکلات کا سامنا رہا۔ قابض انتظامیہ نے آج بابری مسجدرام مندر تنازعہ کے بارے میں بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے فیصلہ سنانے سے قبل پابندیاں مزید سخت کر دیں اور تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
قابض انتظامیہ نے بابری مسجد کی زمین مندر کی تعمیر کیلئے ہندوؤں کو دینے کے بھارتی سپریم کورٹ کے متعصبانہ فیصلے کے خلاف ممکنہ مظاہروں کو روکنے کیلئے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیئے ہیں۔
وائس آف امریکہ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت کی طرف سے پانچ اگست کو شروع کیے جانے والے فوجی محاصرے اور ذرائع مواصلات کی معطلی کے بعد سے کشمیریوں کوگزشتہ تین ماہ سے زائد عرصے سے انتہائی سخت صورتحال کا سامنا ہے




































