آرمی چیف کی ایرانی صدرسے ملاقات، اہم امور پر گفتگو

تہران،راولپنڈی(ویب ڈیسک)پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی صدر حسن روحانی سے اہم

ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے تسلیم کیا اور خطے میں قیام امن کی کوششوں کو واشگاف الفاظ میں سراہا۔
اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ ایران کے دوران ان کی اعلی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں علاقائی سیکیورٹی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی ایڈمرل علی شمخانی اور فوج کے سربراہ میجر جنرل عبدالرحیم موسوی سے ملاقاتیں کی۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ گزشتہ روز سرکاری دورے پر تہران پہنچے تھے، جہاں انہوں نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف جنرل محمد حسین سے ملاقات کی۔آرمی چیف اور ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف کے درمیان ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال اور امن واستحکام پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ پاک ایران سرحد پر سکیورٹی امور بھی زیر غور آئے۔