
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ محمد نواز شریف کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ
کے عبوری فیصلے کے خلاف اپیل دائر نہیں کی جائے گی تاہم میرٹ کی بنیاد پر کیس کے فیصلے پر حکومت اپیل کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
کابینہ نے 65 سال سے زائد عمر رسیدہ افراد اور کم سن قیدیوں کو جو معمولی نوعیت کے جرائم میں جیلوں میں قید ہیں، عام معافی دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، وفاقی کابینہ نے نیشنل ٹیرف اور متبادل توانائی پالیسیوں کی منظوری دیدی ہے۔ مجوزہ پالیسی کو مشترکہ مفادات کی کونسل میں پیش کیا جائے تاکہ اس پر حتمی منظوری کا عمل مکمل کیا جا سکے۔
وزیراعظم عمران خان نے پڑھے لکھے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور دیا۔ وزیرِ اعظم نے خالی آسامیوں کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اداروں کے سربراہان کی تقرری کا عمل جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے ہدایات دی ہیں کہ خالی آسامیوں پر تعیناتیوں کے لئے پلان ایک ہفتے میں وزیرِ اعظم آفس کو فراہم کیا جائے، کابینہ نے وزیرتوانائی عمر ایوب اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدرت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اجلاس کے آغاز میں وزیرِ اعظم نے معاشی اشاریوں میں بہتری پر حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور مبارکباد دی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اقتصادی اشاریوں میں بہتری سے جہاں ملک میں کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہورہاہے وہاں بین الاقوامی طور پر سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ چار سال کے بعد کرنٹ اکاؤنٹ کے شعبے میں مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی تجویز پر کابینہ نے 65سال سے زائد عمر رسیدہ افراد اور کم سن قیدیوں کو جو معمولی نوعیت کے جرائم میں جیلوں میں قید ہیں، عام معافی دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے 65سال اور اس سے زائد عمر کے افراد بشمول خواتین مستفید ہو سکیں گی۔














