
مظفر آباد (رنگ نوڈاٹ کام،خبر ایجنسی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان سن لیں سی پیک پر یو
ٹرن نہیں لینے دیں گے۔ سی پیک کا تحفظ کرنا جانتے ہیں کسی صورت متنازع نہیں ہونے دیں گے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ اب پارلیمان میں آئے گا جن سے ایک نوٹی فیکیشن نہیں بن سکا وہ معاملے پر ایوان میں چھ ماہ میں کیسے اتفاق رائے پیدا کریں گے۔
مظفر آباد میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نااہل حکومت نے کشمیر کا سودا کیا،خارجہ اور معاشی پالیسیاں ناکام ہیں،صرف ایک کام آرمی چیف کی ایکسٹینشن اس کے ذمہ تھا وہ بھی نہ کرسکی۔تین بار غلط نوٹیفکیشن کرنے اور ایک سال میں ایک قانون بھی پاس نہ کروانے والے اب پارلیمنٹ میں اتنی بڑی قانون سازی کیسے کرپائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔کشمیریوں کاواحد مطالبہ رائے شماری ہے۔ہمارا نعرہ رائے شماری جس سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔کشمیریوں کے مسائل ہم حل کریں گے،پیپلزپارٹی کی حکومت جلد آئے گی اور کشمیر یوں کو آزادی دلوائے گی۔نریندر مودی پاکستان دنیا اور خود بھارت کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے،ہمارا سلیکٹیڈ مودی کی کامیابی کے لیے دعائیں مانگتا رہا اور جب وہ منتخب ہوا تو ہمارا حکمران اس کو مس کالز کرتا رہا۔آج کہتا ہے مودی فسطائی،آر ایس ایس نظریے والا اور ہٹلر کا کارندہ ہے۔کیا مودی اس وقت ہٹلر کا رندہ نہیں تھا جب تم کہہ رہے تھے کہ مودی ہی مسئلہ کشمیر حل کرائے گا۔
یوم ؎تاسیس کے جلسہ سے سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی،راجہ پرویز اشرف،سابق چیئرمین سینٹ سید نیئر بخاری،قمرالزمان کائرہ،سینیٹر شیری رحمان،سابق وزیر داخلہ رحمن ملک،سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ،ترجمان آصف زرداری،فرحت اللہ بابر،ترجمان بلاول مصطفی نواز کھوکھر کے علاوہ قومی وصوبائی اسمبلیوں اور آزادکشمیر اسمبلی کے ممبران،اپوزیشن لیڈآزادکشمیر ر چوہدری یاسین،سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید،سابق صدر سردار محمد یعقوب خان،سابق وزراء سید بازل نقوی،مطلوب انقلابی،چوہدری پرویز اشرف،سردار جاوید ایوب،میاں عبدالوحید،صاحبزادہ اشفاق ظفر،چوہدری عبدالرشید سمیت دیگر مرکزی ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔














