
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے نام بھیجے ہیں،
بغیر کسی آئینی بحران کے حکومت اور اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اتفاق رائے کر لیں گے۔
نجی ٹی وی سے بات چیت میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے تین نام دیئے ہیں جن کا مجھے بذریعہ میڈیا پتہ چلا ہے اور اس تقرری کے لئے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے مابین مشاورت ہونی ہے کیونکہ یہی آئینی اور قانونی طریقہ کار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے نام تجویز کر دیئے ہیں تو وزیراعظم بھی اس پر سوچ بچار کر کے اپنے نام بھیجیں گے اور یہ ذمہ داری ا سپیکر کو سونپی گئی ہے اور ہماری کوشش ہو گی کہ اس معاملے پر ہم اتفاق رائے پیدا کر لیں اور خوش اسلوبی سے یہ مرحلہ ہم مکمل کر لیں گے۔
۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے اپوزیشن سے رابطوں کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں اسد عمر اور میں بھی شامل ہوں اورہمارے الفاظ میں آپ نے کوئی اپوزیشن کیخلاف تیزی نہیں دیکھی اور ہم ان معاملات کو سدھاریں گے۔














