
لاہور(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ مافیاکوڈر ہے کہ حکومت کامیاب ہوگئی تو ان کی دکانیں بند ہوجائیں گی۔
مولانا اسلام آباد فتح نہیں ڈیزل کے پرمٹ فتح کرنے آیا تھا،30سال تک حلوہ کھاتے رہے،اب خوفزدہ ہیں کہ پیسہ پکڑا جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ،مافیاز کو اپنی فکر پڑی ہوئی ہے یہ کامیاب ہو گئے تو اپوزیشن کی سیاست ختم ہو جائے گی۔ قوم مشکل وقت سے نکل آئی ہے جلد اچھا وقت آنے والا ہے بحران پر قابوپالیا گیا معیشت مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا بہت بڑے مافیا سے مقابلہ ہے جو مسلسل پروپیگنڈہ میں لگا ہوا ہے،اس مافیانے مجھے پہلے دن قومی اسمبلی میں تقریر نہیں کرنے دی۔ ان کاخیال تھا کہ ڈالرتین سوروپے تک پہنچ جائے گا اور ہم سے حکومت نہیں چل سکے گی۔اب ملک اٹھنے لگاہے اور ورلڈ بینک کے سربراہ نے آکر حکومت کی معاشی پالیسی کی تعریف کی ہے تو یہ سب اکٹھے ہوگئے ہیں، کوئی کہہ رہاہے کہ ختم نبوت کا مسئلہ ہے، کوئی یہودی لابی کہہ رہاہے۔ سب کامقصد ایک ہے، مافیاکوڈر لگا ہواہے کہ اگر یہ کامیاب ہوگئے تو ہماری دکانیں بھی بند اور ان کے پیسے جولوٹے ہوئے ہیں، وہ بھی پکڑے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارامافیا ہے، ان کا مقصد پاکستان نہیں ہے بلکہ ان کامقصد پیسہ بچاناہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ پاکستان میں جتنی اصلاحات ہوئی ہیں، اتنی پہلے نہیں ہوئیں۔ یہ وزیر اعلی پنجاب کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں کہ وہ بڑے بڑے محلوں میں نہیں رہتا، میں نے اور عثمان بزدار نے مل کر اصلاحات کی ہیں۔ بہترین بیورو کریٹ لیکر آئے ہیں، وہ آئی جی لیکر آئے ہیں پولیس ڈیپارٹمنٹ میں جس کی سب سے زیادہ عزت ہے۔و
زیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بڑے بڑے ڈاکٹرز کے بورڈ نے ہمیں جورپورٹ دی تھی اس کے مطابق نوازشریف کی صحت اتنی بری ہے کہ وہ کسی وقت بھی موت کے منہ میں جاسکتاہے جس پر ہم نے انسانی ہمدردی کی بناپر نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی اور اب پتہ چل جائے گا کہ کیا ہوا؟ عدالتی فیصلہ کے مطابق صحت کے بارے میں دوہفتوں کے بعد رپورٹ آنی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سموگ سے بچے بہت متاثر ہورہے ہیں۔ پشاور اورلاہور میں سموگ کے بہت سے مسائل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں کچھ فیکٹریاں آلودگی کی وجہ ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی کا لوگوں کی صحت پر برا اثر پڑ رہاہے۔انہوں نے کہا کہ سموگ کے مسئلے پرماضی میں توجہ نہیں دی گئی۔ لاہورمیں 10سال میں 70فیصددرخت کم ہوئے ہیں۔درخت کم ہونیکی وجہ سے بہت نقصان ہوا۔ بھارت میں دھان کی فصل جلانے سے پاکستان میں آلودگی پھیلی۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کادھواں بھی فضاکوآلودہ کرتاہے،سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے جامع پروگرام ترتیب دیا ہے۔ بیرون ممالک سے صاف تیل درآمدکرنے کافیصلہ کیاہے۔آلودگی روکنے کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔ شہروں میں بسیں ہائی برڈ یا الیکٹرک چلائی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا مستقبل بہت اچھا نظرآرہا ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے ہرشعبے میں جامع اقدامات اٹھائے ہیں۔ صوبے میں امن وامان اور گورننس کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔




































