قوم فکر نہ کرے،پاکستان کا مستقبل روشن ہے،وزیرِاعظم عمران خان

اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم فکر نہ کرے۔ پاکستان کا مستقبل

روشن ہے۔ ای گورننس کا بہترین نظام لا رہے ہیں۔ ڈیجیٹل پاکستان منصوبہ کو کامیاب بنائیں گے۔اس سے کرپشن کا خاتمہ ہو گا۔ ماضی میں پیسوں کی خاطر دوسروں کی جنگیں لڑی گئیں، آج کا پاکستان امن کیلئے ممالک کے مابین ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، امہ کو متحد کریں گے۔
ڈیجیٹل وژن پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں نے عمر کا بڑا حصہ بیرون ملک گزارا اس لئے سمندر پار پاکستانیوں کے مثبت رجحانات سے بخوبی واقف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کا مقصد طے کرنے والے لوگ ہی ترقی کرتے ہیں اور مشکل فیصلے کرنے والے لوگ ہی کامیاب ہوتے ہیں، چیلنجز ختم ہو جائیں تو زندگی بے معنی ہو جاتی ہے،چیلنجز آگے بڑھنے کا راستہ فراہم کرتے ہیں۔دنیا میں تمام بڑے لوگوں نے مشکلات کا سامنا کیا، آسان راستہ کبھی زندگی میں بہتری نہیں لاتا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان پر بہت پہلے توجہ دینی چاہیے تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم حکومت میں آئے تو بڑے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا تھا، ہماری حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو پا لیا ہے، سابقہ حکومتوں نے روپے کی قدر کو مصنوعی طریقہ سے کنٹرول کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور موڈیز سمیت غیر جانبدار عالمی مالیاتی اداروں نے ملکی معیشت کو مستحکم قرار دیا ہے اور معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، اب ہم ڈیجیٹل پاکستان منصوبہ کی کامیابی کیلئے کام کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہم ان نوجوانوں کو اپنی طاقت بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ای گورننس کا نظام لائے گی، بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے ای گورننس ناگزیر ہے، بعض ادارے اس کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں لیکن ہم صورت میں ای گورننس کا نظام نافذ کریں گے۔