
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خنر ایجنسی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بی
جے پی کی فاشسٹ حکومت کے ہاتھوں 126 دن طویل کرفیو اور میڈیا بلیک آؤٹ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے میں کیا جس نے ایوان صدر میں سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب نے مسلم امہ کو درپیش چیلنجوں کے حوالے سے ہمیشہ متحرک کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے وفد پر زور دیا کہ وہ انڈین سیٹیزن ایکٹ کے ذریعے مسلمان شہریوں کے خلاف کی جانے والی سازش کو اجاگر کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔
دونوں ممالک کے مابین مشترکہ عقیدے، ثقافت، روایات، اقدار اور ورثہ کی بنیاد پر گہرے تعلقات استوار ہیں اور دونوں ممالک علاقائی و بین الاقوامی امور پر مشترکہ سوچ رکھتے ہیں۔ انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی مدبرانہ قیادت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن کے تحت سعودی عرب کی ترقی کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سعودی ولی عہدشہزاد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان نے پاکستان کے عوام کے دلوں اور ذہنوں پر گہرا نقش چھوڑا ہے۔
انہوں نے آئل ریفائنری اور معدنیات کے شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے جاری اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون اور مذاکرات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔














