کرپشن کےخلاف جہاد میں پوری قوم شریک ہو،وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف جہاد

میں پوری قوم شریک ہو، ماضی میں وہ پیسہ جو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا تھا، منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر لے جا کر محلات بنائے گئے، کک بیکس اور کمیشن کے لئے ایسے منصوبے شروع کئے گئے جن کی ضرورت ہی نہیں تھی، کرپٹ قومیں کبھی ترقی نہیں کر سکتیں، کرپشن سے ملکی ترقی اور معیشت متاثر ہوتی ہے اور عوام کی ضروریات زندگی مہنگی ہو جاتی ہیں، کرپٹ معاشروں میں سرمایہ کاری نہیں آتی۔

انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب حکومت کی طرف سے اینٹی کرپشن ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے کہ کرپشن اور ان کی زندگی کا آپس میں کیا تعلق ہے، شعور نہ ہونے کی وجہ سے لوگ کرپٹ لوگوں پر بھی پھول پھینکتے اور ان کے لئے زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو یہ سمجھ نہیں ہے کہ ملک کا پیسہ چوری ہونے سے صرف حکومت یا قومی خزانے کو نہیں بلکہ پوری قوم کو نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے انسداد بدعنوانی کے لئے جو ایپ بنائی ہے اس کے بارے میں اشتہار دیں اور عوام میں آگاہی پیدا کرے کہ اس ایپ کا کیا فائدہ ہے۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ نے کہا کہ اس وقت دنیا میں جو ملک تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، ان میں چین سرفہرست ہے۔ چینی صدر کی مقبولیت کا راز یہ ہے کہ انہوں نے گزشتہ پانچ چھ سالوں میں چار سو سے زائد اعلیٰ حکومتی شخصیات کو کرپشن پر جیل میں ڈالا اور احتساب کیا جس کی وجہ سے وہ چینی عوام میں بہت مقبول ہیں کیونکہ وہاں کے عوام کو یہ بات سمجھ آ گئی ہے کہ کرپشن سے قوم غریب ہو جاتی ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت بیروت، چلی اور عراق سمیت کئی ممالک میں عوام کرپشن کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں۔ یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے جس میں کرپشن چھپتی نہیں بلکہ بے نقاب ہو جاتی ہے۔ دنیا کو احساس ہو گیا ہے کہ کرپشن سے معاشرے اور قومیں ترقی نہیں کر سکتیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وسائل کا کسی ملک کے غریب یا امیر ہونے سے تعلق نہیں کیونکہ سوئٹزرلینڈ جس کے پاس وسائل کم ہیں، وہ امیر ترین ملک ہے جبکہ اس کے مقابلے میں نائجیریا بے تحاشہ وسائل کے باوجود غریب ہے کیونکہ وہاں کرپشن ہے جس قوم میں خوشحالی ہے وہاں کرپشن نہیں ہے اور جہاں کرپشن ہے وہ قوم خوشحال نہیں ہو سکتی۔

۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ہو گی تو معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، نہ کرپشن کریں گے نہ کسی کو کرنے دیں گے، کرپشن کے خلاف بھرپور طریقہ سے جہاد کریں گے۔