حکومت غریب طبقات کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) وزیراعظم عمران خان سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وسطی اور

مغربی ایشیاءکے ڈائریکٹر جنرل وارنر لی پیک نے ملاقات کی ۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق لی پیک نے حکومت پاکستان کی جانب سے ملک کے خسارہ کو ختم کرنے اور معاشی استحکام کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان میں آبی وسائل کی تعمیر اور بالخصوص بیراج تعمیر کرنے کے حوالے سے بینک کے فنانشنل انفراسٹرکچر پروگرام کے تحت کئے گئے اقدامات بارے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سماجی تحفظ، زراعت کے شعبے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ ساتھ ملک میں مالیاتی نظام کو مزید موثر بنانے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت کی تعریف کی۔
وزیراعظم عمران خان نے اس بات کا خصوصی ذکر کیا کہ حکومت کی اقتصادی ٹیم نے قومی معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت سستے گھروں کی تعمیر کے شعبہ کے ذریعے معاشرے کے غریب طبقات کی ترقی کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی، بڑے فلاحی منصوبے احساس پروگرام، سستے گھروں کی تعمیر اور معیاری خوراک کی فراہمی کے حوالے سے بینک کی تکنیکی معاونت میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔