میڈیکل رپور ٹ سے ظاہر ہوتا ہے زرداری کی طبیعت ناساز ہے، بلاول

اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق صدر آصف علی

زرداری کی اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے طبی بنیادوں پر ضمانت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو نئی میڈیکل رپورٹ آئی ہے،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آصف علی زرداری کی طبیعت نہایت ناساز ہے اور انہیں جلد سے جلد صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ آج آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت اور لاکھوں کارکنوں اور نیک خواہشات رکھنے والے عوام کی دعاؤں کی بدولت ہوئی ہے اور اب آصف علی زرداری کو جلد سے جلد علاج معالجہ فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج انہیں عدالت سے انصاف ملا ہے اور ان کے والد کو طبی بنیادوں پر ضمانت مل گئی ہے۔ حکومت اور نیب نے گٹھ جوڑ کرکے آصف علی زرداری کی زندگی کو داؤ پرلگانے کی کوشش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کے معاملے میں بھی نیب آج مطلوبہ کاغذات لے کر نہیں آیا اور اب ہمیں 16 دسمبر تک انتظار کرنا پڑے گا۔ نیب اور یہ حکومت سمجھتے ہیں کہ ہم پر دباؤ ڈال سکتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے۔ بہت جلد آصف علی زرداری کی طبیعت ٹھیک ہو جائے گا اور جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ وہ ایک بہت بڑے شکاری ہیں اور اب وہ کھلاڑی کے شکار پر نکلیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی یہ خواہش ہے کہ ایک نااہل اور سلیکٹڈ حکومت جس نے ہماری معیشت، سیاست اور سب چیزوں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے اسے جانا پڑے گا۔