
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے غریب افراد کو سستے
گھروں کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی حکومت کی ملکیت غیر استعمال شدہ بیش قیمت اراضی کو مثبت طریقے سے برؤے کار لانے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت کے سلسلے میں جائزہ اجلاس سے وزیراعظم کی صدارت میں ہوا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ شہروں میں کچی بستیوں میں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر سے غریب اور پسے ہوئے طبقے کی رہائش کا مسئلہ حل ہوگا۔ تمام وزارتوں کی زیر ملکیت املاک کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کرنے سے متعلق قوانین میں ترمیم کے لئے تجاویز ایک ہفتے میں مکمل کر کے کابینہ میں پیش کی جائیں۔
سیکرٹری نجکاری رضوان ملک کی جانب سے پہلے مرحلے میں مختلف وزارتوں کی جانب سے شناخت کی جانے والی 32بیش قیمت اراضی کو مثبت طریقے سے بروئے کار لانے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ مختلف وزارتوں اور محکموں کی جانب سے اب تک شناخت ہونے والی غیر استعمال شدہ املاک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، لاہور جیسے شہروں میں مرکزی مقامات پر واقع ہیں جن کی قیمت کا تخمینہ اربوں روپوں میں لگایا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں شناخت کی جانے والی 32 املاک میں سے 27 مکمل طور پر دستیاب ہیں جبکہ بقیہ پانچ املاک کے حوالے سے ملکیتی دستاویزات کی فراہمی اور بعض مقامات پر ناجائز قبضے کو واگذار کرانے کا عمل بھی جاری ہے جو کہ بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ رواں ماہ دبئی میں منعقدہ ایکسپو میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں کی جانب سے ان بیش قیمت اراضیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔














