
اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں
شہید بیبظیر کا نام مٹانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ کے نام سے شہید بینظیرکا نام ہٹایا گیا۔
بینظیر بھٹو سے متعلق کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے خاندان میں جب کسی کا انتقال ہوتا تو میری والدہ اس کی بائیوگرافی لکھتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ کی شہادت ہوئی تو لوگوں نے توقع کی میں ان پر کتاب لکھوں، لیکن مجھ میں آج تک اتنا حوصلہ پیدا نہیں ہوسکا کہ اپنی والدہ پر کتاب لکھ سکوں۔
بلاول بھٹونے کہا کہ شہید بی بی کی کہانی کو کوئی نہیں رکوا سکتا۔ شہید بی بی کی کہانی کو روکنے یا توڑنے مروڑنے کی کوشش کی گئی۔ بینظیر بھٹو نے ثابت کیا کہ خواتین مردوں سے بہتر کام کرسکتی ہیں۔ بینظیر بھٹو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف آواز اٹھاتی رہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج ہمارے لیے بہت اچھی خبر یہ ہے کہ میرے والد کی ضمانت ہوئی ہے۔ آج یہ کہتے ہیں کہ یوٹرن لیے بغیر لیڈر نہیں بن سکتے، جبکہ ہم نے یہ سیکھا ہے کہ اصولوں اور نظریے پر ڈٹے رہو، یوٹرن نہیں لو، سازش کے تحت جمہوریت پسند قیادت کی کردار کشی کی جارہی ہے۔














