وزیراعظم کا بھانجا حسان نیازی پی آئی سی حملہ کیس میں نامزد

لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی(پی آئی سی)پر حملے

کے کیس میں نامزد کردیا گیا۔تاہم ملزم کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آ سکی۔ گرفتاری کے لیے مارے گئے دوسرے چھاپے میں بھی حسان نیازی ہاتھ نہیں آسکے۔
پولیس کے مطابق حسان خان نیازی کو مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے کیوں کہ وہ توڑ پھوڑ اور پولیس کی گاڑی کو نذر آتش کرنے میں پیش پیش تھا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید کے مطابق لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی)پر وکلا کے حملے میں ملوث وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے رائیونڈ روڈ پر واقعے ایک نجی اسکیم کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔تاہم ملزم چھاپہ مار ٹیم پہنچنے سے پہلے فرار ہو گیا۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید نے بتایا کہ چھاپے کے دوران لیڈی پولیس اہلکار بھی معاونت کر رہی تھی اور ملزم حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
انعام وحید کے مطابق ملزم حسان نیازی کو حملے کی دوسری ایف آئی آر 671/19میں نامزد کر دیا گیا ہے، اس مقدمے کی رو سے ملزم کی اسپتال کے باہر گاڑی جلانے اور توڑ پھوڑ میں موجودگی پائی گئی۔
ڈی آئی ٍجی انویسٹی گیشن انعام وحید نے بتایا کہ حملے کی فوٹیج میں اسلحہ لہرانے والے ملزم کی بھی نشاندہی ہو گئی ہے، ملزم کی شناخت ملک عدیل کے نام سے ہوئی ہے۔ملزم ملک عدیل کی گرفتاری کے لیے بھی لاہور میں ان کے گھر اقبال ٹاون میں بھی چھاپہ مارا گیا تاہم ملزم گھر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ ملزم حسان نیازی اور ملک عدیل سمیت تمام ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں گے۔