
لاہور (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) ملک بھر میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی ۔گیس کمپنیوں کو 2 ارب
کیوبک فٹ گیس کے شارٹ فال کا سامنا ہے ۔ پنجاب بھر میں سی این جی سٹیشنز کو گیس کی سپلائی بند کر دی گئی۔گیس کی عدم دستیابی اور دریاں میں پانی کی کمی کے باعث تربیلا ڈیم میں بجلی پیدا کرنے والے 11 یونٹ بند ہوگئے تربیلا ڈیم سے صرف 600 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے بھی بجلی کی پیداوار بند ہوگئی، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیںنجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 8 ہزار میگاواٹ تک ہے، سسٹم کو 3 ہزار میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے، کھاد فیکٹریوں اور عام صنعتوں کےلئے بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی، ملک بھر میں جاری شدید سردی کی لہر کے باعث گھریلو صارفین کی جانب سے گیس کے استعمال میں اضافے کے پیش نظر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نے جنرل انڈسٹری اور سی این جی گیس سٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ زیرو ریٹڈ انڈسٹری کو گیس سپلائی جاری رہے گی ۔
رواں برس موسم سرما کی جلد آمد اور شدید لہر کے باعث گھریلو شعبے میں گیس کے استعمال میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ جس کے باعث سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کی جانب سے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی بلاتعطل جاری رکھنے کے لئے جنرل انڈسٹری اور سی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا، ادارے کی جانب سے صارفین کو بلاتعطل گیس سپلائی کے لیے درآمدی گیس مقامی گیس کے نرخوں پر فراہم کی جارہی ہے۔














