بھارت نے جارحیت کی تو بھرپور جواب ملے گا،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک

ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی ایسی حرکت کی تو اسے مناسب اور بھرپور جواب ملے گا۔ دنیا صورتحال کا نوٹس لے، مودی سرکار خطرناک کھیل کھیل رہی ہے جس سے پورے خطے کا امن متاثر ہو رہا ہے، بھارت میں مودی سرکار کے ہتھکنڈوں کے خلاف عوام نے علم بغاوت بلند کر دیا ہے۔
خطے میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کینیڈا، امریکہ، شکاکو میں اور یورپ کے دیگر ممالک میں احتجاج ہو رہا ہے۔آج آر ایس ایس کی ہندوتوا سوچ نے بھارت کو تقسیم کر دیا ہے۔بھارت صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کا ناٹک رچا سکتا ہے۔قوم ہندوستان کی جارحیت کے خلاف سیسہ دیوار کی طرح ملک کے جغرافیے اور نظریے کی حفاظت کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی پر ہماری فورسز نے اسکا الحمدللہ بھرپور جواب دیا ہے جس میں ان کی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں اور انکی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا،پاکستان او آئی سی کا بنیادی ممبر ہے اس کی یکجہتی کیلئے پاکستان نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے،میں منگل کو ہونیوالے کابینہ کے اجلاس میں او آئی سی کا اجلاس بلانے کی بات سامنے رکھوں گا کیونکہ اب مزید خاموشی نقصان دہ ہو گی ہمیں او آئی سی سے باقاعدہ درخواست کرنا ہوگی کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کو 140روز ہو چکے ہیں لیکن پورے ہندوستان میں کرفیو نافذ کرنا ممکن نہیں تھا،آپ نے دیکھا کہ پیر کو اپوزیش کی تمام بڑی جماعتوں نے احتجاج کی کال دے دی ہے،لکھنو میں اویسی صاحب کی قیادت میں ایک بڑی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔دنیا بھر کے مختلف دارالحکومتوں میں بھارت کے لوگوں نے، جن میں ہندو، سکھ، مسلمان سب شامل ہیں ،انہوں نے احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔کینیڈا، امریکا، شکاکو میں اور یورپ کے دیگر ممالک میں احتجاج ہو رہا ہے،آج آر ایس ایس کی ہندوتوا سوچ نے بھارت کو تقسیم کر دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ،بحیثیت وزیر خارجہ میرا فرض بنتا ہے کہ میں ساری صورتحال سے قوم کو اور دنیا کو آگاہ رکھوں،ان حالات میں پوری قوم سے اپیل کروں گا کہ وہ ہندوستان کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح پاکستان کے جغرافیے اور نظریے کی حفاظت کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو جائیں،5اگست کے بھارتی اقدام کے بعد ہندوستان کے عزائم کھل کر سامنے آئے ۔