
لاہور(ویب ڈیسک)سابق وزیراعظم نوازشریف کی برطانوی ڈاکٹرز کی تصدیق شدہ میڈیکل رپورٹس پنجاب حکومت کو
موصول ہوگئیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔ گزشتہ دنوں نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے ان کی صحت کے حوالے سے رپورٹس لاہور ہائیکورٹ میں بھی جمع کرائی تھیں اور ساتھ ہی انہوں نے پنجاب حکومت کو بھی خط لکھا اور رپورٹس ارسال کی تھیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اب محکمہ داخلہ پنجاب نے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کو رپورٹس موصول ہونے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے خواجہ حارث کو لکھے جانے والے خط میں بتایا گیا کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے اور رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد انہیں آگاہ کردیا جائے گا۔














