
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی )محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں
میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 18 تک گر سکتا ہے۔خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں بھی صبح کے وقت شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے جب کہ بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گذشتہ تین دن سے دھند پڑنے کا سلسلہ جاری رہا جوآج اتوار تک رہے گا۔پنجاب کے میدانی اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، سرگودھا، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور سے شدید دھند پڑنے کی اطلاعات ہیں۔ پاکپتن، شیخوپورہ، گوجرہ اور بہاولنگر میں بھی شدید دھند پڑنے سے حد نگاہ کم ہوگئی۔
بالائی سند ھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ ، روہڑی، پڈعیدن اور جیکب آباد میں رات اور صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، کرک، صوابی، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ اور مردان میں دھند پڑ سکتی ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا، پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ۔سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ استور منفی 12، گوپس منفی11، بگروٹ منفی 09، گلگت، ہنزہ منفی 07، قلات منفی 06، کالام منفی 05 اور پاراچنار میں منفی 04ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔














