
لاہور(ویب ڈیسک ) ملک بھر میں چلنے والی یخ بستہ ہواں نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا‘ گیس اوربجلی کا
شارٹ فال بڑھ گیا۔حکام وزارت توانائی کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 3 ہزارمیگا واٹ تک پہنچ گیا،سسٹم کو2 ارب 48 کروڑ کیوبک فٹ گیس کمی کا سامنا ہے۔
گیس کی مجموعی طلب 6 ارب 50 کروڑ کیوبک فٹ ہے،گیس کی مقامی پیداوار میں 59 کروڑ60 لاکھ کیوبک فٹ کمی ہے جبکہ مقامی سطح پرگیس کی پیداوار4 ارب کے بجائے 3 ارب 40 کروڑکیوبک ہے، اس لیے پاورپلانٹس کو گیس کی فراہمی دوتہائی کم کردی گئی۔
پاورپلانٹس کو30 کروڑ کیوبک فٹ گیس کے بجائے 18 کروڑکیوبک فٹ گیس فراہم کی جارہی ہے۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوارصرف 200 میگا واٹ رہ گئی ہے اور تربیلا ڈیم میں بجلی پیدا کرنے والے 14 یونٹ بندہیں جبکہ منگلا ڈیم سے بھی 200 میگاواٹ بجلی پیداہورہی ہے۔
پن بجلی کی مجموعی پیداوار700 میگاواٹ تک ہے،سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2500 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں،نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7800 میگاواٹ ہے۔
وزارت توانائی حکام کا مزید کہنا تھا کہ گیس نہ ہونے کے باعث بجلی کی طلب 14ہزار میگا واٹ ہو گئی جبکہ بجلی کی مجموعی پیداوار11ہزار میگا واٹ ہے،ملک بھرمیں 5 گھنٹے تک بجلی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔














