اتحادی جماعتیں ہماری طاقت ہیں،مشیر وزیراعظم ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ

اتحادی جماعتیں ہماری طاقت ہیں، عوامی ریلیف کے ایجنڈے میں اتحادی جماعتوںکا اہم کردار ہے، اتحادیوں کے حوالے سے سازشی عناصر کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی ہے، قوم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد جاننے کیلئے بے تاب ہے ۔ ان کے اصل مرض کی تشخیص ضروری ہے۔

 اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کراچی کے اہم دورے پر ہیں ۔ وزیراعظم کے استقبال کیلئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہونا سیاسی عمل کی پختگی اور سیاسی استحکام کی طرف مثبت پیشرفت ہے ،جسے ہم دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آئند قرار دیتے ہیں یہ پاکستانی عوام کیلئے نیک شگون ہے کہ آئینی پیرا میٹر کے اندر رہتے ہوئے تمام سیاسی جماعتیں جب اپنا آئینی کردار ادا کریں گی اور ہر حکومت اپنے آئینی حدود میں رہ کر عوام کے مسائل کا تدارک کریں گی تو پاکستان حقیقی منزل کی طرف جائے گا۔

۔ وزیراعظم اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ کراچی تجارتی سرگرمیوں کی جنم گاہ ہے ۔ کراچی پاکستان معاشی اعشاریوں کو بہتر بنانے اور دنیا بھر میں پذیرائی دلوانے میں ایک کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ وزیراعظم سے کراچی کی تاجر برادری نے ملاقات کی اور وزیراعظم کی معیشت کو بہتر بنانے اورکاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر معیشت کے استحکام کو عوامی ریلیف سے جوڑا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ کراچی کی ترقی سے جڑا ملکی خوشحالی کا خواب شرمندہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور حکومت کاروبار اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کررہی ہے ۔ کاروباری برادری کا وزیراعظم کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد ہماری ملکی معیشت کے درست سمت پر گامزن ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات میںوفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کو ترقیاتی منصوبوں میں ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی ہے۔

وفاقی حکومت نے پہلے ہی 162 ارب روپے کا فنڈ کراچی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے جو مختص کررکھا ہے ان منصوبوں کی پیشرفت پر بھی بات چیت ہوئی ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ پاکستان کی ترقی قومی مفاد کے تحفظ اور عوامی خوشحالی کے ایجنڈے پر ہم سب ایک ہیں اورسندھ مسائل اورکرپشن سے پاک کرنا ہے ۔ وزیراعظم نے عوام کی ترقی اور وفاق پاکستان کو مضبوط بنانے کے خواب کو دہرایا اور توقع ظاہر کی کہ سندھ کے ادارے فعال ہوں گے ۔